ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ننشیا جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان، صوبہ ننشیا اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ تھے۔
ننشیاکا سب سے بڑا جنرل ہسپتال 3500 بستروں پر مشتمل ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا جنرل ہسپتال کے استقبالیہ،وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ریسٹ روم بھی دیکھے۔
اس کے علاوہ وزیراعلی محسن نقوی نے بلڈ سیپمل کولیکشن روم،میڈیکل سٹوراور ایمرجنسی وارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جدید ترین طبی آلات سے آراستہ ایمبولینس گاڑیوں کا مشاہدہ بھی کیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے ننشیا جنرل ہسپتال میں کام کرنے والے پاکستانیوں سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں علاج معالجے کے لئے موجود جدید مشینری اور آلات بھی دیکھے۔ ننشیا جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف سے بھی گفتگو کی۔
ننشیا ہسپتال کے حکام نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو دستیاب سہولتوں اور طریق کار پربریفنگ دی۔ اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ننشیا کے سب سے بڑے جنرل ہسپتال کا مینجمنٹ سسٹم لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔ ازبکستان کے بعد چین کے دورہ میں دوسرے غیر ملکی ہسپتال میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے اسی طرز پر طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے ننشیا حکومت کی مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔