بجلی چوروں کیخلاف پولیس کا کریک ڈاؤن تیز، روزانہ 1 ہزار مقدمات درج

Sep 21, 2023 | 11:19 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی چوروں کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انوار کا کہناہےکہ پنجاب پولیس بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر 1ہزار سے زائد مقدمات درج کر رہی ہے۔بجلی چوری میں ملوث سماج دشمن عناصر ملکی خزانے کو سالانہ 600 ارب روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔چوری، ڈاکے اور جرائم کی دیگر وارداتوں میں لوٹی جانے والی مجموعی سالانہ رقم بجلی چوری کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ بجلی چوروں کا ملکی خزانے پر ایک برس کا ڈاکہ صوبے بھر میں 15 برسوں کے دوران جرائم میں لوٹی جانے والی رقم کے مساوی ہے۔

آئی جی پنجاب  کا کہناہےکہ بجلی چوری کے ڈاکے میں ملوث وطن دشمن عناصر و ملزمان کو اب کوئی رعایت نہیں ملے گی۔وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس بجلی چور عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔دیہاتوں، شہروں، فیکٹریوں، کمرشل سطح پر بجلی چوری کرنے والے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جارہا ہے۔کنڈے ڈال کر، میٹر میں ٹیمپرنگ یا کسی بھی طریقے سے بجلی چوری کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ملکی خزانے پر بجلی چوری کی صورت پڑنے والے اس ڈاکے کا خمیازہ بل ادا کرنے والے شریف صارفین کو ادا کرنا پڑتا ہے ۔ آئی جی پنجاب  کا کہناہےکہ شہریوں کی حلال کمائی پر بجلی چوروں کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف انفارمیشن دے کر پولیس ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ 

مزیدخبریں