ایک نیوز: اقوام متحدہ کی جانب سے 21 ستمبر کو امن کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ عالمی سطح پر قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں سے دنیا واقف ہے۔ پاکستانی امن دستے اقوام متحدہ کے مشن کی تکمیل میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایسے علاقوں میں جہاں امن کی ضرورت تھی وہاں پر پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دیں۔ گزشتہ 75 سالوں میں اقوام متحدہ کے امن دستوں نے عالمی امن اور سلامتی کے لیے ان گنت قیمتی جانیں بچائیں۔
یہ دن امن کو برقرار رکھنے، انسانی مصائب کے خاتمے، جنگوں اور اندرونی تنازعات سے مسلح ممالک میں دیرپا امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے عالمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستانی امن دستے اقوام متحدہ کی امن فوج کے مشن کو انتہائی مہارت اور لگن سے پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے امن کے مبصرین کو اپنے مینڈیٹ کی تکمیل کے لیے مکمل مدد اور رسائی فراہم کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشن کے افواج پاکستان نے عالمی سطح پر امن کی بحالی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
220,000 سے زائد پاکستانی فوجیوں نے دنیا کے 29 ممالک میں اقوام متحدہ کے 46 مشنز میں خدمات انجام دی ہیں۔ پاکستانی امن دستوں نے اعلیٰ سطح پر امن کی بحالی کی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔