ایک نیوز: کینیڈا نے بھارتی حکومت کی جانب سے کینیڈا میں مقیم بھارتی شہریوں کیلئے جاری کی گئی ٹریول ایڈوائزری کو مسترد کردیا۔
کینیڈا کی پبلک سیفٹی منسٹری نے بھارت کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری جاری کرنے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا تمام لوگوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔
خیال رہے کہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد بھارت نے اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کینیڈا میں بڑھتی بھارت مخالف سرگرمیوں پر وہاں موجود بھارتیوں کو احتیاط کا مشورہ دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈوائزری میں کینیڈا کا سفر کرنے والے بھارتیوں سے بھی وہاں محتاط رہنے کا کہا گیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں بھارت مخالف ایجنڈے کی مخالفت پر سفارت کاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے اسی لیے بھارتی شہری کینیڈا کے مخصوص علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔