ورلڈکپ: جنوبی افریقا نے انگلینڈکو 229 رن سے شکست دیدی

Oct 21, 2023 | 21:41 PM

ایک نیوز :آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 20 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 229  رن سے شکست دے دی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رن کا انبار لگادیا اور 50 اوور میں7 وکٹوں کے نقصان پر 399 رن بنا ڈالے۔
افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک 4، ریزا ہینڈرکس85 اور  ریزی وین ڈوسین 60 رن پر آؤٹ ہوئے۔ایڈن مرکرم نے 48 اور ہینرچ کلاسین نے 67 گیندوں پر 109 رن کی شاندار اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے، مارکو جینسن نے بھی 42 گیندوں پر 75 رن کی شاندار اننگ کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے  ریس ٹوپلے نے 3 اور  عادل رشید نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
400 رن کے ہدف کے جواب میں انگلش بیٹنگ لائن نہ چل سکی، ابتدا سے ہی وقفے وقفے سے اُن کے بیٹر  پویلین لوٹنا شروع ہوگئے۔گیوس ایٹکنسن اور مارک ووڈ نے نویں وکٹ پر 70 رن جوڑے، ایٹکنسن 35 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ووڈ 43 ر ن پر ناقابل شکست رہے، ریس ٹوپلے بیٹنگ کرنے نہیں آئے۔ انگلینڈ کی ٹیم 22 اوور  میں 170 رن بناسکی، کوئٹزے نے تین نگیدی اور جینسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ میں انگلینڈ کی ٹیم کی یہ دوسری ناکامی تھی جو اب تک چار میچ کھیل چکی ہے جب کہ جنوبی افریقا نے 4 میں سے تین میچ جیت کر اور 6 پوائنٹس کے ذریعے ٹیبل پر تیسرے نمبر پر قبضہ جمالیا ہے۔

مزیدخبریں