ایک نیوز :استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ نواز شریف کی آمد سیاسی موسم کے تبدیلی کا اشارہ ہے،ان کی آمد سے انتخابات کے ہونے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں،آئی پی پی اپنا پہلا انتخابی دنگل بھرپور طریقے سے لڑے گی۔
مسلم لیگ ن کے قائد او رسابق وزیراعظم نواز شریف کی آمد پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سب ٹھیک کر دے گا والوں نے سات مرتبہ صوبے میں اور تین مرتبہ وفاق میں کچھ نہ کیا ہے،اگر 16 ماہ کی حکومت میں کچھ کیا ہوتا تو عوام کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔
فردوس عاشق اعوان کاکہنا تھا کہ سولہ ماہ کی حکومت نے عوام کو جو زخم دئیے کاش نواز شریف اس کیلئے کوئی مرہم ساتھ لے آتے،ساڑھے تین سالہ اور سولہ ماہ کی حکومت والوں نے بیڑہ غرق کر دیا ہے،آج عام آدمی ان لوگوں کی کرتوتوں اور نا اہلیوں کی وجہ سے رو رہا ہے۔
ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے کہاکہ ساڑھے تین سال حکومت کو نا اہل کہنے والوں نے سولہ ماہ بھی نا اہلی کے سوا کچھ نہ دیا ہے،ان میں نہ ویژن نے نہ کام کرنے کی کمٹمنٹ اور نا ہی ایمانداری،کوئی پنکی پیرنی کا مرید ہے تو کوئی لکشمی دیوی کا پجاری۔
فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ عوام کو پیشہ ور دیہاڑی بازوں نے مل کر اور جی بھر کر لوٹا ہے،آئی پی پی عوام کو ان کے چنگل سے نکالنے کےلئے بھرپور اقدامات کرے گی ،ملکی معیشت کو مستحکم بنا کر ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر چلیں گے۔ ان کاکہناتھا کہ ساڑھے تین سال کی حکومت نے ملک کا ستیا ناس کیا،جبکہ سولہ ماہ کی حکومت نے ملک کا سوا ستیاناس کیا۔