ایک نیوز: صوبائی حکومت نے صحت کارڈ کے لئے 2 ارب روپے جاری کردیئے ہیں، جب کہ مشیر صحت کا کہنا ہے کہ کارڈ سروس میں مزید اصلاحات اور انتظامی کوتاہیاں دور کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کیلئے دو ارب روپے جاری کردیئے ہیں، اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور کا کہنا تھا کہ فنڈز کی کمی سے صحت کارڈ سروس بند تھا، وزیر اعلیٰ اعظم خان کی خصوصی ہدایت پر فنڈز جاری ہوا۔
مشیر صحت نے کہا کہ صحت کارڈ سروس دوبارہ بحال کر دی ہے، اس سروس میں مزید اصلاحات اور انتظامی کوتاہیاں دور کریں گے، ایم ٹی آئی اسپتالوں میں غیر ضروری ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی ہے، ایم ٹی آئیز ہاسپٹلز مریضوں کے علاج پر توجہ دیں۔
ڈاکٹر ریاض انور کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں نئی بلڈنگز بنانے کی بجائے مریضوں کی دیکھ بھال، سہولیات پر توجہ دیں گے۔