ریاست نے قانون اور انصاف کو اپنے ہاتھوں سے دفن کردیا،پی ٹی آئی

Oct 21, 2023 | 14:16 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف وطن واپس پہنچ گئے ہیں، جس پر تحریک انصاف نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے، ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے آفشیل ایکس اکاؤنٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک قومی مجرم کی وطن واپسی کیلئے ریاست نے قانون اور انصاف کو اپنے ہاتھوں سے دفن کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے قائد کی واپسی پر ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ رجیم چینج سازش کے بعد آئین و جمہوریت بیزار عناصر نے ملک و قوم کو زنجیروں میں جکڑ کر کرپٹ بھیڑیوں کے آگے پھینک دیا ہے، یہی سوچ ہے 75 سال بعد بھی قوم کے پاؤں کی زنجیر اور ملک کی کسمپرسی، بیچارگی اور زوال کی بڑی وجہ ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے 27 برس قبل جرم اور ریاست کے مابین اسی اشتراکِ بَد کے خلاف بے مثال سیاسی جدوجہد کا فیصلہ کیا، ان کی قیادت میں آج قوم ملک کو سازش، طاقت اور چوروں، ٹھگوں، دھوکے بازوں اور بے حمیت مافیاز کے اشتراک سے فتح کرنے والی قوتوں کے سامنے شعور سے لیس ہوکر اپنے پورے قد سے کھڑی ہے۔

عدالتیں قوم کو نسل در نسل لوٹنے والے جس مجرم کا احتساب کرنے میں ناکام رہیں، اس کا محاسبہ عوام کریں گے، قوم مجرم کے خاطر خواہ استقبال کیلئے تیار ہے، جس قوم نے رجیم چینچ سازش کو بے پناہ جبر کے باوجود قبول نہیں کیا وہ لندن منصوبے اوراس کے اہداف بھی قبول نہیں کرے گی۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ غیر سیاسی ترکیبوں اور غیراخلاقی و غیر جمہوری منصوبوں سے ظلم و جبر کے سلسلے کو دوام بخشنا ممکن نہیں، شفاف،آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کا فوری انعقاد ہی پاکستان کے مسائل کو حل کرسکتا ہے۔

مزیدخبریں