پاک آسٹریلیا میچ، بھارتی پولیس نے فینز کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے روک دیا

پاک آسٹریلیا میچ، بھارتی پولیس نے فینز کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے روک دیا

ایک نیوز: آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ میں بھارتی پولیس نے اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے آئے فینز کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق  بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان میچ میں اسٹیڈیم میں موجود بھارتی بولیس کے ایک اہلکار نے پاکستان کی شرٹ زیب تن کیے ہوئے فین کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے منع کیا۔ 

پولیس اہلکار سے انگریزی زبان میں مخاطب ہوتا ہے اور کہتا ہے کہ ’میں پاکستان زندہ باد کیوں نہیں کہہ سکتا؟ بھارت ماتا کی جے ٹھیک لیکن پاکستان زندہ باد نہیں کہہ سکتے، کیوں؟۔پولیس اہلکار بھی انگریزی میں ہی جواب دیتا ہے ’بھارت ماتا کی جے گڈ، پاکستان زندہ باد ناٹ گڈ۔‘۔ نوجوان کچھ غصے میں کہتا ہے کہ ’پاکستان سے آئے ہیں، پاکستان زندہ باد نہیں بولیں گے تو کیا بولیں گے بھائی؟ پاکستان کھیل رہا ہے۔ پاکستان زندہ باد نہیں بولوں گا تو کیا بولوں گا؟ میں ویڈیو بناتا ہوں، آپ مجھے کہو کہ میں پاکستان زندہ باد نہیں کہہ سکتا؟‘اب پولیس والا یہ کہہ کر کہ ’آپ بیٹھ جائیں، میں اپنے افسر سے بات کرتا ہوں‘ وہاں سے نکلتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ بی بی سی اس ویڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر پایا جبکہ بنگلورو پولیس سے اس معاملے پر ان کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے بابر اعظم کی دعوت پر پاکستان کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے، کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 163 اور مچل مارش نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔