ایک نیوز : نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نےکہا ہے کہ نیوی ملک کی سمندری شعبے میں ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 25 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود میں قدرتی وسائل بہت زیادہ موجود ہیں جو پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی بحری دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے ساتھ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں بھی کردار ادا کر رہی ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے ساحلی کمیونٹی کیلئے سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک بحریہ کی کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ شرکاء کو بدلتی ہوئی میری ٹائم سکیورٹی کی صورتحال اور بلیو اکانومی کے فروغ کیلئے پاک بحریہ کے کردار پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ورکشاپ کے شرکاء نے بحری امن و استحکام اور ساحلی علاقوں کی ترقی کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
ترجمان پاک بحریہ کا مزید کہنا ہے کہ شرکاء میں پارلیمنٹرینز، بیوروکریٹس،سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں کے نمائندوں اورمسلح افواج کے افسر شامل تھے۔