ایک نیوز: پاکستان اور چین نے مشترکہ رپورٹنگ، میڈیا وفود کے تبادلوں میں عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے، جب کہ پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ذریعے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے چین کی پولیٹیکل قونصلر مس باﺅ ژونگ کی قیادت میں چائنیز میڈیا وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ای پی ونگ، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی، ڈائریکٹر جنرل پی بی سی اور ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز پی ٹی وی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مین اسٹریم میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ذریعے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جب کہ مشترکہ رپورٹنگ، میڈیا وفود کے تبادلوں میں عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، بی آر آئی منصوبہ معاشی ترقی کے ذریعے امن اور خوشحالی لانے کا مظہر ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لئے سی پیک کی مرکزیت اور چین کے ساتھ آہنی دوستی کے حوالے سے عوامی آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار ناگزیر ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان چین کے ترقی کے تجربے سے استفادہ کا خواہاں ہے، غربت کے خاتمے، تحقیق و ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور دیگر شعبوں میں چین کی کامیابیوں سے استفادہ کریں گے، ۔
چینی پولیٹیکل قونصلر کا کہنا تھا کہ سی پیک کو محبت کی راہداری بنایا جائے گا، پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت آئی ٹی، زراعت اور صنعتی شعبے میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں روابط اور تعاون کو مضبوط بنائے گا۔