نگران وزیر اعظم کا فلسطینی صدر کو فون

Oct 21, 2023 | 00:08 AM

ایک نیوز :نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطینی صدر محمود عباس کو فون کر کے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی مظالم سے پیدا صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ٹیلیفونک رابطے میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے صدر محمود عباس سے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔نگراں وزیراعظم نے اسرائیلی فوج کی غزہ کے اسپتال پر  بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خونریزی روکنے کے لیے اسرائیل پر  زور دے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بحران کے حل کے لیے اقدامات کرے،انہوں نے دو ریاستی حل پر مبنی تنازع فلسطین کے منصفانہ حل کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں  نے انسانی امداد کی فراہمی کیلئے غزہ کی ناکہ بندی ہٹانے پر بھی زور دیا۔دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے  فلسطینی عوام کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں