ایک نیوز نیوز :الیکشن کمیشن کے فیصلےپر تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج کے باعث سڑکیں بندہوگئیں ۔ آئی جی اسلام آباد نے آپریشنل شعبے کی تمام نفری کو سڑکوں پر آنے اور سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
آئی جی نے حکم دیا ہے کہ نہ صرف ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز بلکہ زونل ایس پیز، ایس ایس پی آپریشن اور ڈی آئی جی خود پٹرولنگ کی مانیٹرنگ کریں، ڈائریکٹر سیف سٹی شہر بھر کی موثر مانیٹرنگ کرکے آپریشنل پولیس افسران سے لمحہ بہ لمحہ رابطے میں رہیں۔
ذرائع کے مطابق آنسو گیس کے شیل فیض آباد، ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ، بے نظیر چوک، گولڑہ موڑ، سترہ میل کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس نفری کو فراہم کردئیے گئے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ جس علاقے میں امن عامہ میں خلل پڑا یا شاہراہیں بلاک ہوئیں متعلقہ افسران سے باز پرس ہوگی، کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کرکے امن تباہ کرنے والوں کو فوری حراست میں لیا جائے، قانون کو ہاتھ میں لینے اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے زیرو ٹالیرنس کے تحت نمٹا جائے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج پر اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ، ڈی آئی جی آپریشن، اسلام آباد انتظامہ اور پولیس کے اعلی افسران فیلڈ گشت پر نکل آئے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے اور سرنگر ہائی سمیت شہر بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔