ایک نیوز نیوز: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے۔ میں پاکستان کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ اپنے حق اور آئین کے حصول کے تحفظ کے لیے باہر نکلیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
فیصلہ سامنے آنے کے بعد شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’مائنس ون فیصلہ نامنظور ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا ہے کیا اب آپ چیئرمین ہوں گے؟
اس کا جواب انہوں نے نفی میں دیتے ہوئے کہا ’عمران خان ہی پارٹی کے چیئرمین رہیں گے۔ پارٹی عمران خان کی ہے، انہی کی رہے گی، وہی سربراہ ہیں۔‘
اسی طرح اسد عمر نے ردعمل میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔اسی طرح فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے بھلے کی امید نہیں تھی۔
انہوں نے فیصلے کو عمران خان پر نہیں بلکہ پاکستان، اداروں اور آئین پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک ہفتہ قبل ہی انہوں نے دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتا تھا۔‘
عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے ورکر نے فیصلہ کیا ہے۔ بلکہ یہ نواز شریف کا لکھا ہوا فیصلہ ہے،ایک بھگوڑے کا لکھا ہوا فیصلہ ہے۔
جبکہ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان ایک ایماندار، صادق اور امین انسان کا نام ہے۔کروڑوں کے دل پہ راج کرنے والے کو آج بدیانتی سے نااہل قرار دیا گیا۔معلوم تھا کہ ایک کمپرومائزڈ اور مجبور الیکشن کمیشن یہی فیصلہ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے، سارے نکلو پاکستان کے لیے۔
سابق وفاقی وزیرتجارت اور تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کاکہنا تھا کہ صرف تحریک انصاف ہی نہیں عوام کی توہین کی گئی۔عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں۔اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اب مذاکرات کے ذریعے عمران خان کی بحالی کو نوازشریف کی رہائی کے ساتھ جوڑا جائے گا تو اُس کی بھول ہے۔تمام کارکن اور عوام فوری طور پر اس فیصلے کے خلاف باہر نکلیں۔
سابق وفاقی وزیر اور جنرل سیکرٹری سینٹرل پنجاب پاکستان تحریک انصاف فرخ حبیب کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف فیصل آباد کی عوام ضلع کونسل چوک پہنچے۔بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔الیکشن کمیشن امپورٹڈ حکومت کا دست راست بن چکا ہے۔یہ عوامی میدان میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہے۔
مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حسب توقع الیکشن کمیشن نے سازش کرنے والوں کے کہنے پر عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے دھوکہ دہی کی،ہمیں اس فیصلے کی توقع تھی، اب قوم اٹھ چکی ہے،ہم نے بتایا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے،کیا ریاست قوم کے خلاف کھڑی ہوگی؟ریاست کو یاد رکھنا چاہئیے کہ طاقت دراصل عوام سے ہی آتی ہے۔