بشریٰ بی بی کا ویڈیو پیغام جاری، احتجاج کی تاریخ تبدیل کرنے کی شرط بتا دی

بشریٰ بی بی کا ویڈیو پیغام جاری، احتجاج کی تاریخ تبدیل کرنے کی شرط بتا دی
کیپشن: Bushra Bibi's video message released, stating the condition for changing the date of the protest

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ججز اور وکلا سے 24 نومبر کے احتجاج میں شرکت کی اپیل کردی ہے۔
تفصیلات کےمطابق  بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عمران خان ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد کررہے ہیں، تو کیا ججز اور وکلا کا فرض نہیں بنتا کہ وہ احتجاج میں شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے 24 نومبر کے احتجاج میں تمام شعبے ہائے زندگی کے افراد شریک ہوں، کیونکہ جب ہر شخص اس کا حصہ بنے گا تو تحریک کامیاب ہوگی۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی  قانون کی بالادستی کی جدوجہد میں جیل میں ہیں، انہوں نے فائنل کال کی کامیابی کیلئے بہت سے لائحہ عمل بھیجے ہیں جو وقت آنے پر سامنے لائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ مذاکرات کے نام پر احتجاج ملتوی ہونے کی باتیں کررہے ہیں، یہ سب پروپیگنڈا ہے، 24 نومبر کو احتجاج ہر صورت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کی تاریخ صرف اسی صورت میں تبدیل ہوسکتی ہے کہ  بانی پی ٹی آئی  کو جیل سے رہائی کیا جائے اور وہ خود عوام کا آئندہ کا لائحہ عمل دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا بچہ بچہ گواہ ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے التجا ہے کہ احتجاج کرنے والے بھی آپ کے بھائی ہیں، ان پر ظلم نہ کریں۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی  کا بھی دل کرتا ہے کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں اور گھر پر رہیں، لیکن وہ قوم کی خاطر جیل کی کال کوٹھڑی میں بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں پٹیشنز دائر کی جارہی ہیں کہ پی ٹی آئی کو احتجاج سے روکا جائے، اس ظلم کو بند کرنا ہوگا، یزید مت بنیں، وہ بھی ایک مسلمان تھا لیکن انا میں آکر اس نے ظلم کیا۔
 بانی پی ٹی آئی  کی اہلیہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ جیل سے باہر آکر کسی سے کوئی بدلہ نہیں لیں گے، وہ بالکل کلیئر ہیں کہ طاقت آکر کسی سے بدلہ لینا اللہ کی ناراضی کو مول لینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی آکر یہ پیغام دے رہا ہے کہ  بانی پی ٹی آئی  باہر آکر بدلہ لے گا، اور غصے میں وہ غلط بیانی کررہا ہے۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ پورے پاکستان کے سیاسی نظام میں  بانی  پی ٹی آئی  ایسے ہیں جیسے کیچڑ میں کنول کا پھول ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے حکمران کرسیوں کی جنگ لڑرہے ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی ملک میں حقیقی آزادی کیلئےجدوجہد کررہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کہا کہ ہم پر الزام ہے کہ آپ کے لوگ الجہاد الجہاد کے نعرے لگا رہے ہیں، تو ہم نے کسی کارکن کو یہ ہدایت نہیں دی، یہ سب لوگوں کے دلوں سے نکل رہا ہے۔
بشریٰ بی بی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بحیثیت وزیراعظم جب ننگے پاؤں مدینہ منورہ میں گئے تو واپس آنے کے بعد جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کو کہا گیا تھا کہ ہم شریعت کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں آپ ایسے شخص کو لے آئے ہو جو شریعت کی بات کرتا ہے۔
عمران خان کی اہلیہ نے کہا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام آپ تک پہنچا دیا ہے، اب آپ پر منحصر ہے کہ حقیقی آزادی کیلئے باہر نکلنا ہے یا نہیں۔