کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت چلڈرن ڈے کا انعقاد

Nov 21, 2024 | 17:04 PM

ایک نیوز: کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کے زیر اہتمام صوبہ نگر نامی کچی بستی میں چلڈرن ڈے نہایت جوش و خروش سے منایا گیا، جس میں بچوں  کی کثیر تعداد نے  حصہ لیا اور  اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ 

تفصیلا ت کےمطابق  تقریب کے دوران بچوں نے  مختلف ٹیبلوز، ڈرامائی خاکوں  اور تقاریر کے ذریعے اپنے علاقوں کے مسائل پیش کیے ، بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صفائی ستھرائی، پانی کی قلت، اور دیگر بنیادی مسائل کی نشاندہی کی، جس نے شرکاء کو مسائل پر غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کیا۔

تقریب میں بچوں کے والدین نے بھی بھرپور شرکت کی اور صوبہ نگر کے مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں ، شرکا ء کی  جانب سے  علاقے کے مسائل کو حل کرنے میں حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے تعاون کی اپیل  بھی کی گئی۔  

کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کی نمائندہ  حمیدہ کلیم  نے بچوں کے حوصلے اور جوش کو خوب سراہا اور انہیں پروگرام کی بہترین تیاری پر   شاباش دی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے   انہوں نے کہا کچی بستی میں چلڈرن ڈے منانے کا مقصد نہ صرف بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا بلکہ علاقے کے مسائل کو اجتماعی طور پر سمجھنے اور ان کے حل کیلئے اقدامات کرنے کا عزم بھی کرنا تھا ،کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ پسماندہ علاقوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے اور اس طرح کی سرگرمیاں علاقے کے لوگوں کے لیے خوشی اور مسائل کے حل کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتی ہیں۔   

مزیدخبریں