پاکستان کی پہلی خلا باز نمیرہ سلیم نوجوانوں بالخصوص خواتین کے لئے مشعل راہ ہیں، مرتضیٰ سولنگی

Nov 21, 2023 | 20:33 PM

 ویب ڈیسک :نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم کو کامیاب خلائی سفر پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمیرہ سلیم پاکستان کے عوام کا فخر ہیں، وہ نہ صرف ہمارے نوجوانوں، بزرگوں بلکہ خواتین کے لئے مشعل راہ ہیں، وہ والدین قابل فخر ہیں جو اپنی بچیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ 

تفصیلات کےمطابق  پاکستان کی پہلی خلا باز نمیرہ سلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ امر باعث فخر ہے کہ حکومت نے نمیرہ سلیم کے اس مشن کی حمایت کی۔نمیرہ سلیم نے خلاءمیں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کا قومی پرچم لہرایا جو پاکستان کے عوام کے لئے باعث فخر ہے، نمیرہ سلیم ہماری بچیوں کے لئے روشن مثال ہیں۔ وہ والدین قابل فخر ہیں جو اپنی بچیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ تمام والدین اپنی بچیوں کی اسی طرح حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے ورجن گلیکٹک کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے نمیرہ سلیم کی خلائی پرواز کو ممکن بنایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی خلاءباز خاتون نمیرہ سلیم نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے مجھے 2006ءمیں پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون کے طور پر ملک کے سامنے متعارف کروایا جس پر میں وزارت اطلاعات کی مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 17 سال تک یہ ریکارڈ قائم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا بچپن سے خواب تھا کہ میں خلاءکا سفر کروں اور مجھے میرے ملک نے اس سفر میں بہت سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں خلائی سفر پر پاکستان کا جھنڈا ساتھ لے کر گئی۔

نمیرہ سلیم نے اسپیس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیس ٹورازم کے لئے پاکستان میں پرائیویٹ انٹرپرائز کو ترغیب دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشلائزیشن کے بعد خلائی سفر کی لاگت میں کمی آئی ہے اور خواہش مند پاکستانی خلا باز مستقبل قریب میں اسپیس ٹورازم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیٹلائٹ اور خلائی جہاز بنانے کی لاگت بہت سے ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہو سکتی ہے اس لئے اس شعبے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اب دنیا بھر میں اسپیس انڈسٹری کے اندر تعاون فروغ پا رہا ہے اور پاکستان کے نجی کاروباری افراد کو اس شعبے میں آنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں خلائی نصاب متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل اس شعبے میں اپنا کیریئر بنا سکے۔ نمیرہ سلیم نے کہا کہ اسپیس ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم ڈیزاسٹرز سے بھی نمٹ سکتے ہیں۔

مزیدخبریں