پرویزالہٰی کی اہلخانہ سے ہفتے میں 2 مرتبہ ملاقات کی درخواست، جیل حکام سے جواب طلب

Nov 21, 2023 | 14:17 PM

ایک نیوز: انسداد دہشتگردی عدالت نے پرویز الٰہی کی فیملی سے ہفتے میں 2مرتبہ ملاقات کی درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ پر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ  کی سماعت ہوئی،سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو چالان کی نقول فراہم نہ کی جا سکیں۔ 

جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدم دستیابی کے باعث ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے سماعت کی،چودھری پرویز الٰہی کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیاگیا، چودھری پرویز الٰہی کے  وکیل سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔

چودھری پرویز الٰہی نے فیملی سے ہفتہ میں دو بار ملاقات کی درخواست دائر  کردی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پہلے ملاقات نہیں ہورہی کیا؟ وکیل نے کہاکہ پہلے ہفتہ میں ایک روز ملاقات ہوتی ہے۔ 2مرتبہ ملاقات کی اجازت دی جائے۔ 

پرویز الٰہی نے کہاکہ فیملی والے آتے ہیں 2،2گھنٹے باہر انتظار کراتے ہیں،درمیان میں فاصلہ ہوتا ہے، 3،3افراد سر پر کھڑے رہتے ہیں،گھریلو بات تک نہیں کر سکتے۔ 

عدالت نے فیملی سے ہفتے میں 2مرتبہ ملاقات کی درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کرلیا۔ 

عدالت نے کہاکہ جیل سے جواب آ جائے تو دیکھ لیتے ہیں،عدالت نے سماعت 21 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں