القادر ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن کی درخواست: عدالت کا 2 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم

القادر ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن کی درخواست: عدالت کا 2 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم
کیپشن: Re-registration application of Al-Qadir Trust: Court orders to decide in 2 days

ایک نیوز: القادر ٹرسٹ کی چیریٹی رجسٹریشن میں تاخیر اور نئی ٹرسٹ ایکٹ کی رجسٹریشن سے متعلق کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ جنرل کو القادر ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن کی درخواست پر دو روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈائریکٹر لیبر اینڈ انڈسٹریز کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ْ

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ڈائریکٹر لیبر اینڈ انڈسٹریز درخواست گزار کی درخواست پر دو روز میں  فیصلہ کریں، یہ کون شخص ڈائریکٹر لیبر تعینات ہے اس آدمی کو اس سیٹ پر نہیں ہونا چاہیے۔ اکتوبر سے کہا ہوا ہے ان کی درخواست پر فیصلہ کریں۔ درخواست کو مسترد کریں یا منظور کریں جو بھی ہے فیصلہ کریں۔ ہم بھی تو یہاں بیٹھ کر فیصلے کر رہے ہیں ناں۔  

جسٹس میاں گل حسن نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کیا کہ آپ نے پاکستان کو ایسے چلانا ہے۔ اگر ایسا کیا تو  کوئی ناراض نہ ہو جائے، یہ کیا بات ہے؟ ڈائریکٹر لیبر پبلک کے پیسے کھاتا ہے تنخواہ لیتا ہے یا نہیں؟ وہ تنخواہیں پبلک کے پیسوں کی ہوتی ہیں ناں، میں اسکی شکل تو دیکھوں کس ٹائپ کا آدمی ہے جو عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کر رہا، کئی ماہ سے کہہ رہے ہیں فیصلہ کرو فیصلہ کرو۔ 

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے جواب دیا ہم نے ریمانڈر بھیجا ہوا ہے۔ ہم دو روز میں فیصلہ کردیتے ہیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے دو دن میں آرڈر دیں اور میں کیس اگلے ہفتے لگاتا ہوں۔ 

وکیل درخواست گزار جہانزیب سکھیرا عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نےایڈووکیٹ جنرل کو القادر ٹرسٹ کی دوبارہ رجسٹریشن کی درخواست پر دو روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔