بھارتی ریاست اترپردیش میں کھانے کی اشیاء کیلئے حلال سرٹیفکیٹ پر پابندی

بھارتی ریاست اترپردیش میں کھانے کی اشیاء کیلئے حلال سرٹیفکیٹ پر پابندی
کیپشن: Halal certificate ban for food items in Indian state of Uttar Pradesh

ایک نیوز: ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں کھانے پینے کی اشیاء کے لیے حلال سرٹیفیکیٹ پر پابندی عائد کردی گئی۔  بی جے پی کے زیر حکومت اتر پردیش میں مسلمانوں کے خلاف ایک نئی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

17 نومبر 2023 کو حلال سند دینے والے اداروں کے خلاف لکھنؤ کے حضرت گنج پولیس تھانے میں ایک ایف آئی آر درج ہوئی۔ حلال سرٹیفیکیٹ کے خلاف ایف آئی آر لکھنؤ کے رہائشی شیلیندر کمار شرما نے درج کروائی۔

ایف آئی آر کے نتیجے میں یوگی آدتیہ ناتھ نے حلال سرٹیفیکیٹ پر پابندی عائد کردی۔ یوپی حکومت نے حلال سند یافتہ کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری، ذخیرہ، تقسیم اور فروخت پر بھی پابندی عائد کردی۔

اتر پردیش کی حکومت نے اپنے حکم نامے میں حلال اشیاء کی برآمدات کو مستثنیٰ قرار دیا۔ ایف آئی آر میں علماء دین کو عوام میں تصادم پھیلانے کا الزام لگا کر نشانہ بنایا گیا۔

جمیعت علماء ہندنے اتر پردیش کی حکومت کے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے فیصلے کی بھرپور مذمت کی۔ اپنے بیان میں جمعیت علماء ہند کا کہنا تھا کہ حلال سند حاصل کرنا یا نہ کرنا خریدار اور مینوفیکچررز کے اپنے انتخاب کا معاملہ ہے۔ حلال سرٹیفیکیٹ صارفین کی بڑی تعداد کو ایسی مصنوعات کے استعمال سے بچاتا ہے جو وہ مختلف وجوہات کی بناء پر نہیں استعمال کرنا چاہتے۔ 

جمیعت علمائے ہند کے مطابق جو لوگ حلال سرٹیفیکیٹ والی مصنوعات استعمال نہیں کرنا چاہتے وہ ان کا استعمال نہ کرنے کے لیے آزاد ہیں۔

جمعیت علماء حلال ٹرسٹ کا کہنا تھا کہ انڈیا میں ان دنوں بہت سی چیزوں میں گو موتر کا استعمال ہوتا ہے جو کہ مسلمانوں کے ساتھ بہت سے ملکی اور غیر ملکی صارفین کے لیے بھی ناقابل قبول ہے۔ 

ہندوستانی سوشل میڈیا پر اتر پردیش کے فیصلے کے خلاف سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر پابندی لگانی ہے تو اتر پردیش میں بڑی بین الاقوامی کمپنیوں پر بھی لگائیں جو حلال کی سند کے ساتھ بیف برآمد کرتی ہیں۔ اتر پردیش حکومت کا حلال سند کے خلاف فیصلہ انتہائی قابل مذمت اور مضحکہ خیز ہے۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ کا یہ فیصلہ مودی سرکار کی انتہا پسندی اور مسلمان دشمن پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ سب سے بڑا دوغلا اور منافق انسان ہے۔

مبصرین کا ماننا ہے کہ انتخابات سے پہلے مودی سرکار کئی دوسری ریاستوں میں بھی اس قسم کی پابندیاں عائد کرے گی۔