ویب ڈیسک:ہمارےجسم کا60فیصدحصہ پانی پرمبنی ہےاورروزانہ مناسب مقدارمیں پانی پیناصحت کیلئےبہت ضروری ہوتاہے۔
تفصیلات کےمطابق پانی قدرت کی نعمتوں میں سےایک بہت بڑی نعمت ہےاوریہ ہماری صحت کیلئےبہت ضروری ہےکسی بھی موسم میں اس کااستعمال مناسب مقدارمیں کرناچاہیےکیونکہ پانی کی کمی بہت سارےمسائل پیداکرتی ہے۔
مگر سرد موسم میں بیشتر افراد کم پانی پینے لگتے ہیں کیونکہ انہیں پیاس کا احساس کم ہوتا ہے۔موسم گرم ہو یا سرد، مناسب مقدار میں پانی پینے سے صحت کو درست رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
سرد موسم میں مناسب مقدار میں پانی پینے کے وہ فوائد جانیں جن کی سائنس کی جانب سے تصدیق کی جاچکی ہے۔
جسمانی کارکردگی بہتر ہوتی ہے
اگر آپ کے جسم کو پانی کی کمی کا سامنا ہو تو جسمانی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ڈی ہائیڈریشن سے جسم کا درجہ حرارت گھٹ جاتا ہے، جسمانی مشقت کرنے کا عزم کم ہوتا ہے اور تھکاوٹ بڑھتی ہے، جس کے باعث کام کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
اس کے مقابلے میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے جسمانی کارکردگی بہتر ہوتی ہے جبکہ جسمانی مشقت کے اثرات بھی کم ہوتے ہیں۔
دماغی افعال کے لیے اہم
ہمارا دماغ پانی کی کمی سے بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق جسم میں پانی کی معمولی کمی سے بھی متعدد دماغی افعال متاثر ہوتے ہیں۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پانی کی کمی سے چڑچڑے پن کا سامنا ہوتا ہے جبکہ توجہ مرکوز کرنا مشکل ہوتا ہے۔
اسی طرح ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں تھکاوٹ اور انزائٹی جیسی علامات کا بھی سامنا ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں جسمانی توانائی بھی کم ہوتی ہے۔
سر درد سے بچنے میں مدد ملتی ہے
ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں سر درد اور مائیگرین (آدھے سر کے درد) کا خطرہ بڑھتا ہے۔تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ سر درد جسم میں پانی کی کمی کی سب سے عام علامت ہے۔کچھ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ کئی بار پانی پینے سے بھی سر درد کی شدت میں کمی آتی ہے۔
قبض کو دور رکھنا ممکن
قبض ایک بہت عام مسئلہ ہے اور جسم میں پانی کی کمی اس کا شکار بناتی ہے۔درحقیقت ہر عمر کے افراد میں ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں قبض کا خطرہ بڑھتا ہے۔تو قبض کو ہمیشہ خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو پانی کی مناسب مقدار کا استعمال عادت بنالیں۔
گردوں کی پتھری سے تحفظ
گردوں میں پتھری بہت عام مسئلہ ہے اور اکثر پانی کی کمی سے اسے منسلک کیا جاتا ہے۔مناسب مقدار میں پانی پینے سے گردوں میں پتھری کا خطرہ کم ہوتا ہے کیونکہ منرلز جمع ہونے کی بجائے پیشاب کے راستے خارج ہو جاتی ہیں۔
جسمانی وزن میں کمی
مناسب مقدار میں پانی پینے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔اس کی وجہ یہ پانی سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے جبکہ میٹابولزم افعال بہتر ہوتا ہے۔
کچھ شواہد سے عندیہ ملا ہے کہ زیادہ پانی پینے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے کیونکہ ہمارا جسم زیادہ کیلوریز جلاتا ہے۔خاص طور پر ہر کھانے سے آدھے گھنٹے قبل پانی پینے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں زیادہ مدد ملتی ہے۔
سانس کی بو سے تحفظ
منہ خشک ہونا بھی سانس کی بو کی بڑی وجہ ہے کیونکہ لعاب دہن منہ کی صفائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس کی کمی سے بیکٹریا کی مقدار بڑھتی ہے۔تو دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے لعاب دہن زیادہ بنتا ہے اور سانس کی بو کے مسئلے کا سامنا نہیں ہوتا۔