ایک نیوز نیوز: زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی لیڈر شپ کا اجلاس ہوا۔ اسد عمر اور مجھے حقیقی مارچ کو روات تک پہنچانے کی ذمہ داری ملی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے راستے میں عوام کے جو تاثرات دیکھے وہ عمران خان کو بتائے۔ ہمارا حقیقی آزادی مارچ پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔ ہم نے ثابت کیا کہ کہیں بھی بازار بند نہیں کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک طرف ہمارا کنٹینر تھا تو دوسری سڑک پر ٹریفک رواں دواں تھی۔ ہم پر وزیرآباد میں قاتلانہ حملہ ہوا، جس میں ایک شہادت ہوئی۔ عمران خان کے قتل کا منصوبہ واضح ہوگیا۔ بروز ہفتہ 26 نومبر کو عمران خان خود راولپنڈی آئیں گے۔ عمران خان پنڈی پہنچنے والے قافلوں کا استقبال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 26 تاریخ کو لوگوں کو بروقت نکلنا ہے۔ سردیوں کے دن چھوٹے ہیں، مغرب کا وقت جلد ہوجاتا ہے۔ جن کے پاس رہائش کا بندوبست ہے وہ 25 تاریخ کو پہنچ جائیں۔ وقت پر پہنچیں گے تو عمران خان کا خطاب بھی سن سکیں گے۔
دوسری جانب اسد عمر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں ملک بھر سے لوگ آئیں گے۔ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہونے جارہا ہے۔ پاکستان کے فیصلے کرنے کا حق ملک کے عوام کا ہے۔
پوچھنا چاہتا ہوں کہ معیشت وینٹی لیٹر پر پڑی ہے۔ ملک ڈیفالٹ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وہ لوگ کہاں ہیں جو کہتے تھے کہ معیشت کی بہتری پر بات کریں احتساب کی بات نہ کریں۔
اسد عمر نے کہا کہ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ 26 تاریخ کو راولپنڈی آئیں۔ 26 تاریخ سے ایک دن قبل ہی وہاں لوگ پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔