ٹیلی تھون میں 15 ارب نہیں سوا 4 ارب جمع ہوئے: ثانیہ نشتر کا اعتراف

Nov 21, 2022 | 16:49 PM

 ایک نیوز نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان نے 2 ماہ پہلے 3 ٹیلی تھون کرکے سیلاب زدگان کے لئے 15 ارب روپے جمع کرنے کا دعویٰ کیا لیکن پی ٹی آئی کی سینیٹر ثانیہ نشتر نے 4 ارب 30 کروڑ روپے ملنے کا اعتراف کیا ہے۔

اس کے علاوہ عمران خان نے جس ملک (امریکا) پر اپنے خلاف سازش کا الزام لگایا، اسی امریکا میں ٹیکس فری عطیات لینے کیلئے بینک اکاؤنٹ بھی کھول رہے ہیں۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران ثانیہ نشتر نے کہا کہ میراتھون میں عمران خان کو 15 ارب روپے کے عطیات کے وعدے کئے گئے لیکن ابھی تک انہیں صرف 4 ارب 30 کروڑ روپے ہی آئے ہیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ ملنے والے عطیات میں سے ایک ارب 30 کروڑ روپے خیبر پختونخوا حکومت کو دیئے جو خرچ ہوچکے، پنجاب میں 2 ارب روپے کی تقسیم ایک روز قبل شروع کی گئی۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ سندھ میں ایک ارب روپے نقصانات کا ڈیٹا ملنے پر تقسیم کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ متاثرین کو ادائیگی بینکوں میں بائیومیٹرک سے اور سی سی ٹی وی کے سامنے ہوگی، اس کے لئے پنجاب بینک اور خیبر بینک عطیات پر سروس چارجز نہیں لے رہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 18 ملین ڈالر کے کریڈٹ کارڈ عطیات مل ہی نہیں سکے، ڈونرز سے ٹیکس فری عطیات لینے کیلئے امریکا میں اکاؤنٹ کھول لیا ہے۔

مزیدخبریں