ایک نیوز: فلم ’جوائے لینڈ‘ اور ڈراما ’سرِراہ‘ کے بعد انٹرسیکس/خواجہ سرا جیسے حساس موضوع پر مبنی ایک اور ڈرامے پیش کیا جارہا ہے جس میں اداکار علی رحمٰن خان پہلی بار خواجہ سرا کا کردار ادا کررہے ہیں۔
ڈراما ’گرو‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے، مختصر دورانیے کے اس ٹیزر میں علی رحمٰن کے انٹرسیکس کے کردار کو دکھایا گیا ہے۔بغیر کسی ڈئیلاگ کے اس ٹیزر میں دکھایا گیا کہ علی رحمٰن پیسوں کی خاطر تقریب میں رقص کررہے ہیں۔
ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ انٹرسیکس کا کردار ادا کرنے والے علی رحمٰن تقریبات میں رقص کرتے ہوئے خوش ہے لیکن اپنی ذاتی زندگی میں وہ اداس اور غم میں نڈھال ہے۔ اگرچہ ڈرامے میں علی رحمٰن کے کردار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور نہ ہی ڈراما نشر ہونے کی تاریخ ظاہر کی گئی ہے۔
تاہم ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں علی رحمٰن خان کے علاوہ ژالے سرحدی، حرا خان، عمر عالم شامل ہیں۔ٹیزر جاری ہونے کے بعد شائقین بے صبری سے انتظار کررہے ہیں کہ اتنے حساس موضوع کو ڈرامے میں کس طرح پیش کیا گیا ہے۔
یہ ڈراما شازیہ وجاہت رؤف نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ بلاول حسین عباس نے ہدایت کاری کے کام سرانجام دیے ہیں۔شازیہ وجاہت نے انسٹاگرام پر علی رحمٰن خان کے کردار کا پوسٹر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے فخر ہے کہ علی رحمٰن خان نے چیلنجنگ کردار کو نبھایا، انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے تمام رکاوٹوں کو توڑ کر مکمل طور پر نیا کردار اپنایا ہے جہاں بہت سے لوگ ایسا کرنے کے لیے دو بار سوچتے ہیں’۔