ایک نیوز: میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی جانب سے ٹوئٹر جیسے نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کے مقابلے پر فیس بک کی ٹیکسٹ میسجز پر مبنی نئی ایپ جون میں متعارف کرائی جاسکتی ہے۔
اس سے قبل مارچ میں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ میٹا کی جانب سے ٹوئٹر کے مقابلے پر ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر میٹا کی جانب سے بھی ایک ڈی سینٹرلائز سوشل نیٹ ورک پر کام کرنے کی تصدیق کی گئی تھی۔
میٹا کے ایک ترجمان کے مطابق ہم ٹیکسٹ اپ ڈیٹس شیئر کرنے والے سوشل نیٹ ورک پر کام کر رہے ہیں، ہمارا ماننا ہے کہ ایک ایسی ایپ کے لیے جگہ موجود ہے جہاں تخلیق کار اور معروف شخصیات اپنی دلچسپیوں کے بارے میں اپ ڈیٹس شیئر کر سکیں۔
اب نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا کی جانب سے اس ایپ کی آزمائش کریٹیرز اور influencers کے ساتھ کی جا رہی ہے۔
میٹا کی جانب سے اس حوالے سے فی الحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
البتہ ٹوئٹر پر کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک پروفیسر نے اس نئی ایپ کی پہلی جھلک ضرور پیش کی، جس کی آزمائش کمپنی کی جانب سے کی جا رہی ہے۔
اس جھلک سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ نئی ایپ ٹوئٹر سے بہت زیادہ ملتی جلتی ہے۔
چونکہ یہ ڈی سینٹرلائز ایپ ہوگی تو صارفین اپنے سرورز اور مواد کی جانچ پڑتال کے لیے اپنے اصولوں کو تشکیل دے سکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ایپ کو انسٹاگرام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور یہ ٹوئٹر یا اس سے ملتی جلتی ایپس کا مقابلہ کرے گی۔