ایک نیوز: وزیر محنت سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم کسی دوسرے کو میئر کے طور پر دیکھنا نہیں چاہتے، میئر کراچی پیپلزپارٹی کا ہو گا تو بہتر کام ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر محنت سندھ سعید غنی نے سندھ آرکائیو ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ہماری 173 نشستیں ہیں، جب کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی مل جائیں تو ان کی نشستیں 193 بنتی ہیں۔ہم نے تحریک انصاف سے حمایت کی درخواست نہیں کی، پی ٹی آئی رہنماؤں پر9 مئی کے واقعات پر مقدمات درج ہوئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ میئر کراچی پیپلزپارٹی کا ہو گا تو بہتر کام ہو سکتا ہےلیکن حافظ نعیم کسی دوسرے کو میئر کراچی کے طور پر دیکھنا نہیں چاہتے، وہ اگر میئر بن جائیں تو میرٹ ہے اور نہ بنیں تو قبضہ ہے۔ الیکشن ہوتے ہیں تو کوئی ہارتا ہے اور کوئی جیتتا ہے، کراچی میں نفرت اور منافرت کی سیاست نہ کی جائے، بلکہ سب مل بیٹھ کر شہر قائد کیلئے کام کریں۔
سعیدغنی کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے سب سے بڑے سیکیورٹی رسک ہیں، وہ اپنے ہی لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں، گزشتہ روز ان کی ایک آڈیو لیک ہوئی، اور پتہ چلا کہ ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والا آج انہی کو فون کر رہا ہے۔