حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنےمیں ناکام ہو چکی ہے:سراج الحق

May 21, 2023 | 11:25 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہیں، اور عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں بلوچستان ہے تو پاکستان ہے، یہ صوبہ ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، لیکن معدنیات سے مالامال صوبہ سہولیات سے محروم ہے۔بلوچستان میں روزگار، تعلیم اور امن وامان کچھ بھی نہیں، صوبے میں ایک کلومیٹر بھی موٹروے نہیں، یہاں 10 سال میں کوئی سڑک یا کارخانہ نہیں بنا، صوبے میں خون بہہ رہا ہے، لوگ لاشیں دفنا دفنا کر تھک گئے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہیں، اور عوام کے تحفظ فراہم کرنےمیں ناکام ہوچکی ہے، حکمران طبقہ صرف تنخواہیں اورمراعات لیتا ہے اور دفاتر میں چھپا ہوا ہے، مرکزی اورصوبائی حکومتیں مسائل پر توجہ نہیں دے رہیں، جماعت اسلامی بلوچستان کےحقوق کی لڑائی لڑے گی۔نئے حکمران اعلانات کرتے ہیں اور ناکام ہوکر چلے جاتے ہیں، بلوچستان کے باصلاحیت نوجوان اور دانا لوگ پریشان ہیں، یہاں لوگوں کا جینا اورمرنا مشکل ہوگیا ہے، اس صوبے کے حالات کاذمہ دار کون ہے؟ کون ذمہ داری قبول کرے گا۔

مزیدخبریں