ایک نیوز :وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عسکری تنصیبات پر حملوں کے مقدمات قانون کے مطابق فوجی عدالت میں چلیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس لاہور میں ہوا۔
اجلاس میں اہم سیاسی شخصیات اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے، اجلاس میں تمام صوبوں کے نمائندے اور وفاقی افسران بھی شریک تھے۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے 9 مئی سے متعلق گرفتاریوں اور کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کو وفاقی حکومت کی جانب سےکیےگئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں مشاورت بھی کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو عمران نیازی کے حکم پر اس کے جتھوں نے دہشت گردی کی، عمران نیازی نے وہ کر دکھایا جو 75 سال میں دشمن نہ کرسکا تھا، 9 مئی کے واقعات ہمیں ہمیشہ ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سویلین تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کے کیسز انسداد دہشت گردی عدالت میں چلیں گے اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے مقدمات قانون کے مطابق فوجی عدالت میں چلیں گے۔ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والے بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ، اکسانے، نعرے لگانے اور توڑ پھوڑ میں ملوث کوئی شخص نہیں بچےگا۔