ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گھر زمان پارک کے راستے کھول دیئے گئے۔سابق وزیراعظم کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی زمان پارک کے اطراف سکیورٹی بڑھائی گئی ہے، اس سلسلے میں ایس پی سول لائنز حسن جاوید بھٹی نے زمان پارک کا دورہ کیا اور عمران خان کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ہدایات دیں۔
لاہور کے علاقے زمان پارک میں عمران خان کی سکیورٹی پر پہلے 106 اہلکار تعینات تھے، ایس پی سول لائنز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر 200 کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر زمان پارک کے راستے کھول دیئے گئے۔
پولیس نے زمان پارک کے اطراف میں سڑکوں پر لگائے گئے کنٹینرز اور کیمپ ہٹا دیئے، کلیئر کرائی گئی گرین بیلٹ پر نئے پودے بھی لگا دیئے گئے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ والے علاقے زمان پارک میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے آپریشن کلین اپ کر کے مکمل طور پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کی دونوں گلیوں کو بیریئرز اور کنٹینرز سے بند کیا گیا تھا اور زمان پارک کا علاقہ عام شہریوں کیلئے نو گو ایریا بن چکا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے کرینوں کی مدد سے دونوں گلیوں کے بیریئرز اور کنٹینرز ہٹانے کا کام شروع کیا تھا۔