پاکستان سے پہلی حج پرواز کراچی سےمدینہ منورہ کیلئےروانہ

May 21, 2023 | 09:14 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: پاکستان میں حج آپریشن کا آغاز آج کراچی سے ہو گیا، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں حجاج سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔

پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ افسر امان اللہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

 ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 15۔9 بجے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگی، حج آپریشن کیلئے پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے۔رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اورشیڈولڈ پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قبل از حج آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔سی ای او،  پی آئی اے نے تمام ڈیپارٹمنٹس اور پاکستان اور سعودی عرب میں تعینات حج ٹیموں کو عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیرمذہبی امورطلحہ محمود نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کاخاص خیال رکھا جائے گا۔

دوسری جانب سیرین ایئر لائن کی پرواز 200 سے زائد مسافروں کو لے کر 5 بج کر 10 منٹ پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گئی۔

لاہور ایئر پورٹ پر حجاج کرام کی روانگی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، ایئر پورٹ پر روانگی سے قبل حجاج کرام کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔حجاج کرام کے رشتے داروں اور ایئر پورٹ انتظامیہ نے حجاج کرام کو الوداع کیا، حجاج کرام سیرین ایئر لائن کی پرواز 2921 سے لاہور سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئے۔

لاہور ایئر پورٹ پر حجاج کرام کی روانگی سے قبل تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں وزیرِ اعظم کے مشیر مذہبی امور شبیر احمد عثمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں چوہدری صغیر حسین، عثمان شبیر میو، مفتی انتخاب عالم، حاجی نذیر احمد، اقرار حسین اور سابق ایم پی اے اختر حسین نے بھی شرکت کی۔تقریب کے آخر میں خصوصی دعا کروائی گئی۔

حج آپریشن کے ذریعے 42 ہزار 811 حجاج کرام مدینہ پہنچیں گے، پاکستان بھر سے مختلف پروازوں کے ذریعے 38 ہزار 419 حجاج کرام کو جدہ پہنچایا جائے گا۔پی آئی اے چالیس ہزار 700 حجاج کرام کو حجاج مقدس پہنچائے گا جبکہ سعودی ایئر لائنز کے ذریعے 36 ہزار حجاج کرام سعودیہ عرب پہنچے گے،ایئر بلو 2 ہزار 250 جبکہ سیرین ایئر لائن 2 ہزار 280 حاجیوں کو لے کر سعودی عرب کے لیے آڑان بھرے گی۔

لاہور سے 17 ہزار 629، کراچی سے 17 ہزار 630، اسلام آباد سے 26 ہزار 232، ملتان سے 6 ہزار 582، کوئٹہ سے 4 ہزار 50، سیالکوٹ سے 4 ہزار 484، فیصل آباد سے 3 ہزار 251، رحیم یار خان سے 468 اور سکھر سے 941 حجاج کرام سعودی عرب جائیں گے۔

پاکستان سے اس سال 81 ہزار 230 حاجی حج کا فریضہ ادا کریں گے۔

مزیدخبریں