ویب ڈیسک : انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)2024 کا 17واں ایڈیشن 22مارچ سے بھارت کے شہرچنائی میں شروع ہورہا ہے جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن چنائی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلورکے درمیان ایم اے چدمبرم سٹیڈیم، چنائی میں فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کا بھارت آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ لیگ کے 17ویں ایڈیشن میں شامل 10 ٹیموں کےدرمیان فائنل سمیت مجموعی طور پر74میچ کھیلے جائیں گے ، جو بھارت کے 12مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے جن میں احمد آباد،بنگلور ،چنائی ،نئی دہلی،وشاکاپٹنم ،گوہاٹی،حیدرآباد،جے پور،کولکتہ،لکھنئو،موہالی ، ممبئی اور ملاں پور شامل ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق آئی پی ایل 2024 کی افتتاحی تقریب میںبڑے بڑے اداکار اور گلوکار پرفارم کریں گے جن میں اکشے کمار اور ٹائیگر شروف شامل ہیں ، ان کے ساتھ میوزک اسٹار سونو نگم اور اے آر رحمان بھی تقریب پرفا رم کریں گے، اکشے اور ٹائیگر کی پرفارمنس سمیت پوری تقریب کادورانیہ تقریباً 30 منٹ ہوگا۔
واضح رہے کہ چنائی سپر کنگز اور ممبئی انڈینز کو سب سے زیادہ پانچ ،پانچ بار آئی پی ایل کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے ، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے دو جبکہ راجستھان رائلز، سن رائزرز حیدر آباد ، دکن چارجرز اور گجرات ٹائٹنز نے ایک، ایک بار چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔آئی پی ایل کا لیگ مرحلہ بھارت کے 12 مقامات پر کھیلا جائے گا جبکہ شیڈول کے پلے آف مرحلے کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔