سولر پینل کی قیمتوں میں بڑی کمی  ،نئی قیمتیں سامنے آگئیں 

Mar 21, 2024 | 13:50 PM

ایک نیوز :لاہور کی مارکیٹوں میں سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق 7 سے 15 کلو واٹ تک کے سسٹم میں دو لاکھ روپے تک کمی واقع ہوئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق 7 کلو واٹ کے سسٹم کی قیمت میں ایک لاکھ روپے تک کمی واقع ہوئی ہے جس کی نئی قیمت   825,000 روپے تک پہنچ گئی ،جبکہ 10 کلو واٹ سسٹم کی نئی قیمت اب روپے  1.125 ملین روپے ہوگئی ہے ۔

دو لاکھ روپے کمی کے بعد 12 کلو واٹ سسٹم کی قیمت اب 1.4 ملین روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 15 کلو واٹ سسٹم کی قیمت  میں بھی دو لاکھ روپے کمی ہوئی ہے جس کی قیمت اب 1.60ملین تک پہنچ چکی ہے ۔

گرمیاں شروع ہوتے ہی سولر پینل کی قیمتوں کمی نے لوگوں کوحیران کردیا حالانکہ اس سیزن میں عام طور پر پینلز کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جاتا ہے ۔

واضح رہے کہ  کچھ روزقبل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے زیرِصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے سولر پینل دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس کتنی اور مہنگی ہو گی؟ عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے؟ کسانوں کو سولر پینل دیں، حکومت کا پیسہ اس پر خرچ ہونا چاہئے۔

نواز شریف نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں، کاشتکار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہئے، آڑھتی اور ملوں والوں کے استحصال سے کاشتکار کو بچایا جائے۔

علاوہ ازیں  صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے گزشتہ روز پنجاب انویسٹمنٹ بور ڈ کادورہ کیا جہاں سی ای او جلال حسن نے ادارہ کی کارکردگی اور تنظیمی ڈھانچے پر بریفنگ دی ۔ چودھری شافع حسین نے پی بی آئی ٹی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سولر پینل بنانے والی فیکٹریوں کو پاکستان میں پلانٹ لگانے کی دعوت دی جائے اور یہ فیکٹری انڈسٹریل زون میں قائم کی جائے گی جہاں پر دس سال تک ٹیکس فری ہوگا ۔ 

مزیدخبریں