ایک نیوز: پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے فیصلےپر بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے یوٹرن لے لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزیر برائے کھیل انوراگ ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی بہت اہم ہے۔
لیکن اب ناگپور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انوراگ ٹھاکر نے اپنے مؤقف کو تبدیل کرتے ہوئے اس معاملے کو بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے فیصلے سے منسلک کردیا ہے۔
بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایشیا کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کرنے دیں اس کے بعد وزارت داخلہ فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو رواں سال ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنی ہے جب کہ بھارت نے پاکستان میں ٹیم بھیجنے سے انکار کیاہے۔بھارت کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایشیا کپ پاکستان سے کسی دوسرے ملک شفٹ کیا جائے۔
بھارت کی جانب سے ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے اعلان پر پاکستان نے بھی رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی ہوئی ہے۔