ایک نیوز: امریکا نے چین کی پیش کردہ روس یوکرین امن تجاویز پر شکوک و شبہات کا اظہار کر دیا۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نےکہا ہےکہ کوئی بھی منصوبہ جو غیرمنصفانہ نتائج دے، تعمیری سفارت کاری نہیں۔
انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ یہ بات شکوک پیدا کرتی ہےکہ چین یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ یوکرین سے روسی افواج کے انخلا کے بغیر جنگ بندی روسی فتح کی توثیق کی حمایت ہوگی۔
خیال رہے کہ چین کی امن تجاویز میں روس یوکرین امن بات چیت،علاقائی سالمیت کا احترام اور جنگ بندی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چین کے صدر شی جن پنگ روس کے اہم دورے پر ماسکو پہنچے،انہوں نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے 4 گھنٹے طویل غیر رسمی ملاقات کی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ روس اور چین کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات رہنے چاہییں۔
دوسری جانب روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ یوکرین تنازع کے حل کے لیے چین کی تجاویز قابل احترام ہیں، روس امن بات چیت کے لیے ہمیشہ سے تیار ہے۔
علاوہ ازیں روسی صدر نے کہا کہ وہ چینی صدر کے ماسکو کے دورے کے دوران یوکرین کے شدید بحران کو حل کرنے کے لیے شی جن پنگ کے 12 نکاتی منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ چین نے گزشتہ ماہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ایک منصوبہ جاری کیا تھا ، چین کی امن تجاویز میں روس یوکرین امن بات چیت،علاقائی سالمیت کا احترام اور جنگ بندی شامل ہیں۔