اداکارہ کورقم دینے کامعاملہ،ٹرمپ کی گرفتاری کاامکان بڑھ گیا

Mar 21, 2023 | 05:21 AM

ایک نیوز:اداکارہ کورقم دینے کامعاملہ،سابق امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کی گرفتاری کاامکان بڑھ گیا۔
 تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم میں امریکی اداکارہ اسٹار اسٹورمی کو رقم دینے کے کیس میں نیویارک عدالت گرینڈ جیوری کی جانب سے پیر یا بدھ کو فرد جرم عائد کی جاسکتی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاری کی صورت میں حامیوں کو احتجاج کی کال بھی دی ہوئی ہے۔جس کے پیش نظر مین ہیٹن کی عدالت کے اطراف سکیورٹی بڑھائی جا رہی ہے۔
نیویارک میئرایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ ہم سوشل میڈیا پر تبصروں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ محکمہ پولیس اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اپنا معمول کا کردار ادا کر رہا ہے کہ شہر میں کوئی نامناسب کارروائی نہ ہو، ہمیں یقین ہے کہ ہم ایسا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
قانونی ماہرین کاکہناہے کہ فرد جرم عائد ہونے کی صورت میں ٹرمپ کا کیس کسی بھی موجودہ یا سابق امریکی صدر پر مجرمانہ الزام لگنے کا امریکی تاریخ کا یہ پہلا کیس ہوگا۔

ٹرمپ کے وکلا کے مطابق اگر سابق امریکی صدر پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے تو ان کی گرفتاری کیلئےچند طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔فرد جرم عائد ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹڑمپ فلوریڈا میں واقع  اپنے گھر سے نیویارک سٹی کورٹ ہاؤس میں پیشی کیلئےروانہ ہوں گے۔
اس کے بعد ممکنہ طور پر ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر اور ٹرمپ کی ٹیم کے درمیان بات چیت ہوگی۔ایک بار جب مقدمہ درج اورجج کا انتخاب ہوجائے گا۔ تو دیگر تفصیلات  جیسے کہ مقدمے کا وقت اور ممکنہ سفری پابندیاں اور ضمانت کے طریقے سامنے آ جائیں گی۔
علاوہ ازیں فرد جرم کے بعد ٹرمپ پر جرمانہ ہوسکتا ہے جبکہ اگر سابق امریکی صدرکو سزا سنائی گئی تو انہیں زیادہ سے زیادہ 4 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حالانکہ کچھ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمانے کا زیادہ امکان ہے۔

مزیدخبریں