سی پیک منصوبے میں تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں، اسحاق ڈار

سی پیک منصوبے میں تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں، اسحاق ڈار
کیپشن: All parties on same page on CPEC project: Ishaq Dar

ویب ڈیسک:نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے میں تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔

   تفصیلات کے مطابق پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان میں ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا اہم منصوبہ ہے، چینی وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں،چینی وزیر کی پاکستان آمد  باہمی اعتماد میں اضافہ ہے، چینی وفد کا پاکستان آنا دو طرفہ روابط کا حصہ ہے ، پاک چین عوامی روابط کے خواہاں ہیں۔

نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ذریعے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی، بیلٹ اینڈ روڈ کے ذریعے پاکستان میں پہلا منصوبہ سی پیک شروع کیا گیا، سی پیک منصوبے کو تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا چین کا دورہ نہایت کامیاب رہا، پاک چین دوستی دوسرے مرحلے میں مزید مضبوط ہو گی۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کے عالمی ادارے کے وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مشترکہ مشاورتی میکنزم کے اجلاس کا انعقاد خوش آئند ہے، چینی قیادت دونوں ممالک کی دوستی کو خاص اہمیت دیتی ہے، پاکستان اور چین کی ترقی کی پالیسی دونوں ملکوں کیلئے فائدہ مند ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،دونوں ممالک کے درمیان نئی جہتوں کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، ترقی کے اہداف کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے  ساتھ چلنا اور سرمایہ کاری کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔

لیو جیان چاؤنے مزید کہا کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے عوام کی مرہون منت ہے اس کے لیے عوامی رابطوں کو ہموار کرنے کیلئے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔