خانیوال، بیٹے نے غیرت کے نام پر ماں اور 3 بہنوں کو قتل کر دیا

Jun 21, 2024 | 15:05 PM

ویب ڈیسک:ضلع خانیوال کی تحصیل کبیر والا میں بیٹے نے غیرت کے نام پر ماں اور 3 بہنوں کو قتل کر دیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

خانیوال کی تحصیل کبیروالا کے نواحی علاقہ موضع اوکانوالا میں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جہاں 8 بہنوں کے اکلوتے بھائی نے فائرنگ کر کے اپنی والدہ اور 3بہنوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا بتایا جا رہا ہے، اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ صدر کبیروالا کی بھاری نفری ڈی ایس پی کبیر والا سید اعجاز حسین بخاری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسمٰعیل الرحمٰن کھاڑک موقع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو 1122کی مدد سے لاشیں ٹی ایچ کیو کبیر والا منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

پولیس کی جانب سےجائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، دوسری جانب ڈی پی او خانیوال نے فرار قاتل کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں ہیں۔

ڈی پی او خانیوال کا کہنا تھا کہ قاتل کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم نے فائرنگ کرکے ماں کو قتل کرنے کے بعد بہنوں کی بھی جانیں لے لیں اور فرار ہوگیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

مریم نواز شریف نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیٹے کے ہاتھوں والدہ اور بہنوں کے قتل کے دلخراش واقعہ کی خبر پر انتہائی دکھ ہوا،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ 

مزیدخبریں