ایک نیوز:لاہور ہائیکورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سموگ تدراک کیلئے درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کہا کہ ٹریفک پولیس دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کر کے متعلقہ محکمے کو آگاہ کرے۔
عدالت نے کہا کہ موٹر وے کے گردونواح میں آگ کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں جن پر قابو پایا جائے،موٹروے پولیس آگ لگانے کے واقعات پر کارروائیاں کرے، آئی جی موٹر وے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروائیں ورنہ توہین عدالت کی کارروائی ہوگی ۔
دوران سماعت پی ڈی ایم اے نے ہیٹ سٹروک سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیٹ سٹروک سے متعلق آگاہی مہم شروع کر دی ہے، چولستان میں 20 واٹر باوزر بھیج دیئے ہیں۔ ایک واٹر باوزر میں 12 ہزار 500لیٹر پانی ہوتا ہے جو وہاں کے رہائشیوں کو دیا جارہا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت آئندہ جمعے تک ملتوی کردی۔