ایک نیوز:گھریلو بجلی صارفین سے اب ماہانہ فکس چارجز وصول کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گھریلو بجلی صارفین پر ماہانہ 200 تا ہزار روپے فکس چارجز عائد کردیاگیا۔نیپرا نے بجلی کے نئے ٹیرف متعارف کرادیے ، اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
گھریلو صارفین کے لیے ماہانہ یونٹس کی کھپت کے لحاظ سے 200-1000 روپے ماہانہ چارجز مقررکردیئے گئے۔ کمرشل صارفین پر مقررہ چارجز میں 300 فیصد اور صنعتی استعمال پر 355 فیصد تک کا اضافہ کیاگیا۔ڈسکوز کو مقررہ چارجز کے ذریعے اپنی آمدنی بڑھانے میں مدد ملے گی ۔
ذرائع کے مطابق 301-400 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین یکم جولائی سے 200 روپے چارجز ادا کریں گے۔ 401-500 یونٹ استعمال کرنے والے 400 روپے ادا کریں گے۔501 -600 تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 600 روپے ادا کرنا ہوں گے۔601-700 استعمال کرنے والے گھریلو صارفین ماہانہ 800 روپے ادا کریں گے۔700 یونٹ سے زیادہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین ماہانہ 1000 روپے چارجز ادا کریں گے۔ ٹائم آف یوز میٹر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بھی ماہانہ 1000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے۔
5 کلو واٹ سے کم لوڈ والے کمرشل صارفین ماہانہ 1000 روپے چارجز ادا کریں گے۔5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ لوڈ والے بجلی کے کمرشل صارفین 2000 روپے ادا کریں گے۔ ٹی او یو میٹرنگ کے تحت 25 کلو واٹ تک استعمال کرنے والے صنعتی صارفین 1000 روپے ادا کریں گے۔بی ٹو کیٹیگری کے صارفین 500 کلو واٹ تک کے صارفین 2000 روپے ادا کریں گے۔ 5 ہزار کلو واٹ استعمال کرنے والے بی 3 کیٹیگری کے صنعتی صارفین 2000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے۔بی 4 کیٹیگری کے صارفین بھی مقررہ چارجز 2000 روپے ماہانہ ادا کریں گے۔