ایک نیوز: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور کپتان شاہد آفریدی نے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے رات گئے الیکشن میں حصہ نہ لینے کے اعلان کو مذاق قرار دیدیا۔
رپورٹ کے مطابق سابق کپتان شاہد آفریدی سے سوال ہوا کہ آپ نجم سیٹھی یا ذکا اشرف میں سے کس کو بہتر سمجھتے ہیں۔ جس انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی سوچ والے لوگوں کی ضرورت ہے، میں ہوتا تو دونوں کو آرام کرواتا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ رمیز راجہ چیئرمین تھے تو وہ اکیلے چلنے کی کوشش کرتے تھے ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ آپ تن تنہا چلیں۔ وسیم خان ایک اچھا نام تھے وہ غیر ملکی سیٹ اَپ سے آئے تھے انہیں دیگر چیزوں کا علم تھا، پاکستان میں کرکٹ بحالی میں وسیم خان کا بڑا کردار تھا۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ کرکٹر پر تبدیلیوں کا کوئی اثر نہیں پڑے گا لیکن اگر ورلڈکپ سے قبل سلیکشن کمیٹی، کوچز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی وہ پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔