ایک نیوز: ملکی معیشت کی بحالی کا معاملہ، وزیر اعظم نے ایپکس کمیٹی قائم کردی۔ ایپکس کمیٹی کی قیادت وزیر اعظم شہباز شریف خود کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف اور عسکری حکام بھی ایپکس کمیٹی میں شامل ہیں۔ وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر دفاع، وزیر دفاعی پیداوار بھی ایپکس کمیٹی کا حصہ ہیں۔ وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاشی بحالی پر قائم ایپکس کمیٹی ملک میں بیرون سرمایہ کاری پر فریم ورک تیار کرے گی۔ ایپکس کمیٹی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے ممالک کے لئے سہولت کاری کرے گی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 بڑے ممالک نے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کردی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب، یو اے ای، قطر اور بحرین پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔ ایپکس کمیٹی ان ممالک کی پاکستان سرمایہ کاری کے امور کی مانیٹرنگ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپکس کمیٹی آئندہ 3 سال میں ان ممالک کی سرمایہ کاری کو یقینی بنائے گی۔ ایپکس کمیٹی اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کروائے گی۔
غیرملکی سرمایہ کاری کا فروغ، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل تشکیل:
غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل تشکیل، پانچ میجر جنرلز اپنی ٹیموں کے ہمراہ آئی ٹی، زراعت پر عمل درآمد کیلیے کام کریں گے۔
منصوبے کے تحت زراعت، لائیو اسٹاک، معدنیات، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زرعی پیداوار جیسے شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت ان شعبوں کے ذریعے پاکستان کی مقامی پیداواری صلاحیت اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی اور ‘ایک حکومت’ ،’اجتماعی حکومت’ کے تصور کو فروغ دیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔