ایک نیوز: 9 مئی کے ایک اور گرفتار شرپسند کے لواحقین نے نوجوانوں کومحتاط رہنے کی تلقین کردی ہے۔ شرپسند عبد الرحمن ولد مشتاق جو کہ ایبٹ آباد کا رہائشی ہے ، کی شناخت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق شرپسند عبدالرحمان کے والد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ "ہم سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہیں اور ہم اپنے بیٹے کے فعل پر شرمندہ ہیں"۔ "پی ٹی آئی چیئرمین نے میرے بیٹے اور دیگر بچوں کے ذہنوں میں شرانگیزی کو پروان چڑھایا"۔
شرپسند کے والد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے کارکنان کو اپنے ہی فوجی بھائیوں سے لڑوانے کا ذریعہ قرار دیا۔ شرپسند کے والد نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "اپنے بچوں کو پی ٹی آئی چیئرمین کی شرانگیز پراپیگنڈہ سے دور رکھیں"۔"افواج پاکستان دنیا میں پاکستانی قوم کی عزت و تکریم کی باعث ہے"۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ "افسوس ہے کہ تحریک انصاف نے ہمارے بچوں کو پہچاننے سے انکار کیا اور انکو ایجنسیوں سے منسوب کر دیا"۔ "سیاسی پارٹی قیادت نے پہلے ہماری اولاد کو ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسایا اور پھر ان سے مکمل لا تعلقی کا اعلان کر دیا"۔