ایک نیوز:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے سیشن عدالت سے ضمانت منسوخی کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق اسد عمر نے سیشن عدالت سے ضمانت منسوخی کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔اسد عمر نے درخواست اپنے وکیل علی بخاری اور سردار مصروف کے ذریعے دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق وفاقی وزیر اوراعلی تعلیم یافتہ ہیں، درخواست گزار نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست سیشن کورٹ میں دائر کی تھی جو کہ 20 جون کو منسوخ ہوئی،درخواست گزار بے گناہ اور عزت دار شہری ہے، اسد عمر کیخلاف بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا گیا۔
ادھر تھانہ ترنول میں درج مقدمہ میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو بدنیتی سے اس مقدمے میں نامزد کیا گیا ،شاہ محمود قریشی بے گناہ ہیں انہوں نے کسی قسم کا جرم نہیں کیا،شاہ محمود قریشی شامل تفتیش ہونے کو تیار ہیں،شاہ محمود قریشی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔
دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانتیں خارج ہونے کے بعد آج دونوں کی ممکنہ طور پر ہائیکورٹ آمد متوقع ہے۔ضمانت خارج ہونے کے بعد دونوں رہنما فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھی، لیکن آج دونوں کی ممکنہ آمد سے قبل پولیس الرٹ پر ہے۔پولیس اہلکار اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف ناکہ لگائے بیٹھ گئے ہیں، اور اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو ہائیکورٹ آمد پر گرفتار کرنے کی تیاری مکمل ہے۔اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نے ضمانت کے لئے ہائیکورٹ آنا ہے۔