بلوچستان: زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے سیکیورٹی فورسز کا احسن اقدام

Jun 21, 2023 | 12:56 PM

ایک نیوز: بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے سیکورٹی فورسز کا احسن اقدام، ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے گذشتہ برسوں میں آنے والے زلزلوں سے متاثرہ خاندانوں کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت نئے گھروں کی تعمیر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں فری میڈیکل کیمپس کے ذریعے ہزاروں زلزلہ متاثرین کا علاج معالجہ بھی کیا گیا۔ ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ 8 خاندانوں کیلئے نئے گھر تعمیر کئے جا چکے ہیں۔ ان خاندانوں میں بیوائیں اور مقامی باشندہ بشیر احمد شامل ہیں۔ 

بتایا گیا ہے کہ ان بیواؤں کے خاوند زلزلے کے دوران شہید ہوگئے تھے اور ان کا کوئی کفیل نہ تھا۔ زلزلہ متاثرین ضلع ہرنائی میں شامل بیوہ بینظیر کا کہنا ہے کہ 

”زلزلے میں میرا گھر گر گیا تھا۔ ایف سی نے ہمیں گھر بنا کر دیا اور مالی امداد فراہم کی گئی“۔”میرے بچے سکول پڑھ رہے ہیں۔ اللہ کے بعد ایف سی نے ہماری امداد کی“۔

اسی طرح ضلع ہرنائی کی ایک اور متاثرہ بیوہ زرتاش بی بی کا کہنا تھا کہ ”زلزلے کے بعد میں بے یارو مدد گار تھی۔ ایف سی نے ہمیں گھر بنا کر دیا“۔ ”ایف سی ہمیں راشن دیتی ہے اور بچوں کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔ میں انکی بہت شکر گزار ہوں“۔

ضلع ہرنائی سے زلزلہ متاثرین میں بشیر احمد بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ”زلزلے میں میرا گھر تباہ ہوگیا تھا اور میرے بچے اور بیوی شہید ہوگئے“۔ ”ایف سی نے مجھے گھر بنا کر دیا اور دوکان بنا کر دی۔ ابھی زندگی بہتر ہوگئی ہے“۔

بحالی کے اس سفر میں ان خاندانوں کی امداد آج بھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زلزلہ متاثرین کو ماہانہ مالی امداد، فری راشن اور ان کے بچوں کو تعلیم بھی فراہم کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں