عازمینِ حج کیلئے اسرائیل سےبراہ راست پروازیں دستیاب نہیں ہونگی

Jun 21, 2023 | 10:21 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: اس برس عازمینِ حج کے لیے اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان براہ راست پروازیں دستیاب نہیں ہوں گی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق قومی سلامتی کونسل کے چیئرمین نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی، سعودی اور امریکی مذاکرات کاروں کی جانب سے مہینوں کی سخت کوششوں کے بعد بھی عازمینِ حج کے لیے اسرائیل سے سعودی عرب کے لیے براہ راست پروازیں دستیاب نہیں ہوں گی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں امریکی صدر جوبائیڈن کے خطے کے دورے کے دوران ان کا اور امریکی انتظامیہ کا خیال تھا کہ براہ راست پروازوں کا آغاز اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان معمول کے معاہدے تک پہنچنے کی جانب ایک قدم ہوگا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ امریکا نے اگلے سال حج کے لیے اسرائیل سے جدہ کے لیے براہ راست پروازیں شامل کرنے کے زیرِ بحث اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فریقین اس کے بعد سے 25 جون سے 2 جولائی تک اس سال عازمین کے لیے پروازوں کو وقت پر چلانے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کا اس معاملے سے واقف 3 ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ تاخیر سیاسی نہیں تھی، فریقین جس ایئر لائن سے پروازیں چلانے کی امید کر رہے تھے وہ وقت پر تیاری نہ کر سکی۔

مزیدخبریں