ایک نیوز:ٹِک ٹاک اسکرالنگ ہو یا کینڈی کرش کھیلنا، ہم عموماً اپنے موبائل کی سرگرمیوں میں اتنے محو ہوجاتے ہیں کہ دوسری چیزوں کا ہوش ہی نہیں رہتا،ایپل نےصارفین کیلئے”اسکرین ڈِسٹینس‘ نامی ٹول متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق موبائل میں اس قدر کھو جانے کے ہماری آنکھوں پر بہت نقصان دہ اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔ ماضی میں کیے جانے والے مطالعوں کے مطابق اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے مائیوپیا (دور کی نگاہ کمزور ہونا) کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایپل اپنے آئی فون کیلئے آئندہ آنے والی آئی او ایس17 اپ ڈیٹ میں نیا ٹول متعارف کرانے جارہا ہے۔
’اسکرین ڈِسٹینس‘ نامی یہ ٹول اس چیز کی نگرانی کرے گا کہ صارف کا آئی فون اس کے چہرے سے کتنے فاصلے پر ہے۔ جبکہ فاصلے میں کمی کی صورت میں تنبیہ جاری کرے گا۔
ایپل نے رواں ماہ کے ابتداء میں کمپنی کی جانب سے منعقد کی جانے والی ورلڈ وائڈ ڈیویلپر کانفرنس2023 میں اس فیچر کے متعلق اعلان کیا تھا۔
ایپل کے مطابق آئی فون اور چہرے کے درمیان فاصلہ بڑھانے سے بچوں میں مائیوپیا کےخطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور بڑوں کی آنکھوں پر پڑنے والے زور کو کم کیا جاسکتا ہے۔
یہ نیا ٹول ’ٹرو ڈیپتھ‘ کیمرا کا استعمال کرتے ہوئے کام کرے گا۔ یہ کیمرا صارف کے چہرے پر ہزاروں نا دِکھنے والے نقطے لگاتا ہے اور ان کا تجزیہ کر کے چہرے کے فاصلے کے متعلق نقشہ سازی کرتا ہے جس کو ڈیپتھ میپ کہا جاتا ہے۔
یہ فیچر فی الحال صارفین کو دستیاب نہیں لیکن ستمبر میں متوقع آئی او ایس17 کی اپ ڈیٹ کے ساتھ اس فیچر کو جاری کر دیا جائے گا۔