ایک نیوز:دنیا کی سب سے مہنگی کافی درحقیقت ایک پرندے کے فضلے میں موجود کافی کے بیجوں سے کشید کی جاتی ہے، اسے جیکو کافی کہا جاتا ہے جس کی ایک کلوگرام مقدار کی قیمت 1700 ڈالر تک ہوسکتی ہے، یہ رقم پاکستانی روپوں میں 6 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔
تفصیلات کےمطابق سب سے پہلے برازیل کے ایک کاشت کار نے اسے دریافت کیا تھا۔ اس نے دیکھا کہ سیاہ رنگت کا ایک بڑا، ٹرکی جیسا پرندہ، کاشت کردہ کافی کے بیجوں کو مزے سے کھارہا ہے۔ ہنرک سلوپر نامی شخص کو معلوم نہ تھا کہ جلد ہی یہ پرندہ اس کے کاروبار میں شراکت دار ہوجائے گا۔ ہنرک نے دیکھا کہ جیکو نامی مزید پرندے جمع ہوگئے اور اس کا کھیت اجڑنے لگا۔
وہ ایک قسم کے ممالیے ’مشک بلاؤ‘ سے واقف تھا جس کے فضلے سے بنی کافی خوشبودار اور مقبول ترین ہوتی ہے۔ اس نے ان پرندوں کا فضلہ دیکھا تو اس میں بھی کافی کے بیج دکھائی دیئے۔ مسلسل دو سال کی محنت کے بعد اس نے جیکو پرندے کی بیٹ سے کافی کے بیج جمع کئے تو وہ ان کی تازگی اور خوشبو دیکھ کر حیران رہ گیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ فضلے میں کافی کے سالم بیج نمودار ہوتے ہیں۔
یوں کافی کی ایک نئی ورائٹی سامنے آئی جو اپنی خوشبو اور تاثیر میں اپنی مثال آپ تھی۔ اس سے بنی کافی مقبول ہوئی اور اب دنیا کی مہنگی ترین کافی میں شمار ہوتی ہے۔ امریکا، جاپان، فرانس اور برطانیہ کے دولت مند اسے ہاتھوں ہاتھ خریدتے ہیں اور ایک کلوگرام وزنی کافی پانچ سے چھ لاکھ روپے میں آسانی سے فروخت ہوجاتی ہے۔