امریکی صدر کے صاحبزادے کاانکم ٹیکس چوری کا اعتراف

Jun 21, 2023 | 00:24 AM

ایک نیوز : امریکی صدر جو بائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن نے محکمہ انصاف کے ساتھ ہونے والے ایک معاہدے کے تحت جان بوجھ کر انکم ٹیکس ادا نہ کرنے کے دو الزامات کا اعتراف کر لیا ہے۔
امریکہ کے مؤقر نشریاتی ادارے سی این این اور برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ہنٹر بائیڈن کے خلاف وفاقی الزامات ڈیموکریٹک صدر کی آبائی ریاست ڈیلاویئر میں امریکی اٹارنی ڈیوڈ ویس کی تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں، انھیں ری پبلکن پارٹی کے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حریف صدر کے بیٹے کے خلاف تحقیقات کے لیے مقرر کیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق طے پانے والے سمجھوتے کے تحت ہنٹر بائیڈن نے آتشیں اسلحہ کے ایک جرم پر مقدمے کی سماعت سے پہلے سمجھوتہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ 53 سالہ ہنٹر بائیڈن گزشتہ کئی سالوں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ری پبلکن اتحادیوں کے مسلسل حملوں کا مرکز رہے ہیں۔ انھوں نے ان پر یوکرین اور چین سمیت دیگر امور سے متعلق بھی غلط کاموں کے الزامات عائد کیے ہیں۔

مزیدخبریں