ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے تباہی،لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ،مسافرپھنس گئے

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے تباہی،لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ،مسافرپھنس گئے
ایک نیوز نیوز: بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ،ناران، لولوسر اور بابو سر ٹاپ پر برفباری کے باعث موسم سرد ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سخت بارش اور برف باری کی وجہ سے عارضی طور پر بند شاہراہ بابوسر کو موسم کی صورت حال بہتر ہوتے ہی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا۔
بابوسر ٹاپ پر برفباری اور سخت موسمی حالات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ دیامر نے بابوسر روڈ پر آمد رفت روک دی تھی، بابوسر ٹاپ اور مضافات میں سڑک پر پڑی برف پگھلنے اور موسم میں بہتری آنے کے بعد روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔



ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد نے ٹورسٹ پولیس اور مقامی رضاکار فورس کو بابوسر روڈ پر سیاحوں کی مدد اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے الرٹ رہ کر فرائض کی انجام دہی کی ہدایت کی ہے۔



ادھر بھکر اور جام پور،غازی خان میں بھی ہلکی بارش و ہوا سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، باران رحمت کے نزول سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے تو دوسری جانب بارش سے گلی محلے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، مقامی لوگوں نے گھروں سے نکل کر موسم کا بھر پور لطف اٹھایا۔ اس سے قبل گرمی کی شدت سے شہری پریشان تھے مگر گزشتہ روز بارش ہونے پر گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔



ادھر سکردو میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جگلوٹ سکردو روڈ چماچو، تورمک اور ڈمبوداس کے مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی، سیکڑوں سیاح اور مسافر پھنس گئے، سکردو شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔



ایف ڈبلیو او FWO کو روڈ کلیئرنس کا کام شروع کرنے کیلئے متحرک کردیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر روندو نے پھنسے ہوئے مسافروں کی مدد اور انہیں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔