ایک نیوز :کینیڈا میں جنگلات کی آگ بجھانے والے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا جس میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے جنگلات میں گزشتہ ہفتے آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر تاحال قابو نہیں پایا گیا ہے لیکن آگ بجھانےکے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں فائر فائٹرز زمینی اور فضائی راستوں سے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ اب تک جنگلات میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کوشش میں تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ بجھانے کےلیے جانے والے ہیلی کاپٹر کو حادثہ شمال مغربی صوبے البرٹا میں ہیگ جھیل کے قریب پیش آیا جس میں ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے پائلٹ ہلاک ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ علاقے میں موجود ریسکیو ٹیم نے پائلٹ کو بچانے کی کوشش کی جس میں کامیابی نہ مل سکی اور 41 سالہ پائلٹ ہلاک ہوگیا۔
ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 2 تفتیشی افسران کو ہیلی کاپٹر کے گرنے کے مقام پر بھیجا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق البرٹا میں جمعرات کے روز جنگل کے 117 مقامات پر آگ لگی تھی جن میں سے 17 مقامات پر لگنے والی آگ کوبے قابو تصور کیا جارہا ہے، اس سیزن میں اب تک آگ لگنے کے ہزاروں واقعات میں 110 کلو میٹر کا علاقہ متاثر ہوا ہے۔